Get Alerts

پیپلز پارٹی عوامی فلاح کی ضامن ہے، خیبرپختونخوا میں امن کے لیے اتحاد ضروری ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

پیپلز پارٹی عوامی فلاح کی ضامن ہے، خیبرپختونخوا میں امن کے لیے اتحاد ضروری ہے: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ محنت کشوں کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ذریعے ملک کے ایک کروڑ خاندان مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ جب بھی پیپلز پارٹی کو حکومت ملی، بے روزگار لوگوں کو روزگار کی فراہمی اولین ترجیح رہی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملکی ترقی میں پیپلز پارٹی کا کردار نمایاں ہے، ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی پارٹی کی ملک کے لیے بڑے تحفے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے پاک بھارت جنگ میں دشمن کو شکست دی اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی فورمز پر بہترین انداز میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا اور مختلف ممالک کے دوروں میں کشمیر کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے اٹھایا۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین آج بھی دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، اور صوبہ وفاق کے بغیر نہیں چل سکتا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ایک جانب افغانستان اور دوسری جانب ٹی ٹی پی کے عناصر موجود ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کی جانب سے اسلامی نظام کے نام پر کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "کیا لوگوں کو شہید کرنا اسلامی نظام ہے؟"

ٹیگز: