مریم نواز کا یوٹرن ،عمران خان کی حکومت کو 2023  تک نہ گرانے کا اعلان

مریم نواز کا یوٹرن ،عمران خان کی حکومت کو 2023  تک نہ گرانے کا اعلان
کیپشن: مریم نواز کا یوٹرن ،عمران خان کی حکومت کو 2023  تک نہ گرانے کا اعلان
سورس: file

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی یوٹرن لے لیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے  کہ عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے۔ انہیں ہٹانا دو منٹ کا کام ہے لیکن ہم نہیں چاہتے انہیں سیاسی شہید بننے کا موقع ملے ۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں مریم نواز نے کہا کہ  ہم حکومت کی تین سال کی نا اہلی اور نالائقی کا بوجھ کیوں اٹھائیں تاکہ ذمہ داری ہمارے اوپر آجائے۔ تحریک انصاف اسی بوجھ کے ساتھ عام انتخابات میں جائیگی اور ہم اسے فرار کا راستہ نہیں دینگے۔

انہوں نے کہا کہ  کون نہیں چاہتا کہ اس کی حکومت نہ بنے لیکن ہم وقتی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے اس سے ہمارے بیانیے کی بھی نفی ہو گی ۔پاکستان نے جو سفر کرنا تھا کر لیا اب ملک کو آئین و قانون کے مطابق ہی چلایا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  اداروں کو اپنی آئینی کردار تک محدود ہونا چاہیے اور حکومتوں کے بننے اور گرانے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہونا چاہیے۔ شہباز شریف بھائی سے دھوکہ کرتے تو آج وزیراعظم ہوتے۔ شہباز شریف کا نوازشریف سے مزاج مختلف ہے لیکن بات وہ نوازشریف کی ہی مانتے ہیں۔ 

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں اورنج لائن، میٹرو بسوں ، توانائی اور شاہراہوں کے منصوبے مکمل کیے لیکن ان پر کرپشن کا ایک بھی الزام نہیں لگا جب یہ شریف خاندان کے فیملی بزنس پر الزامات لگاتے ہیں تو اس سے ثابت ہوتا ہے کہ انکے پاس کہنے کو کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) کا وہی بیانیہ ہے جو نواز شریف کا بیانیہ ہے۔ شہباز شریف طبیعت کے اعتبار سے اگرچہ تھوڑے مختلف ہیں لیکن وہ بھی بیانیہ نواز شریف کا ہی مانتے ہیں ۔ 

واضح ہے کہ اس سے پہلے مسلم لیگ ن خصوصاً مریم نواز کا موقف تھا کہ موجودہ حکومت عوام پر بوجھ ہے اور اس کو ایک منٹ بھی اقتدار میں نہیں رہنا چاہیے۔