لاہور : جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال پر لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں۔ لاہور کی بادامی باغ، اردو بازار، ہال روڈ، انارکلی اور مال روڈ سمیت کئی اہم مارکیٹیں مکمل بند رہیں۔
پشاور میں قصہ خوانی، صدر، ہشت نگری اور خیبر بازار میں بھی دکانیں بند رہیں۔ تنظیم تاجران کے مطابق بعض علاقوں میں احتجاجی کیمپ بھی لگائے گئے۔
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ ہڑتال فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، اور پاکستانی قوم غزہ میں ہونے والی نسل کشی پر خاموش نہیں رہ سکتی۔
ادھر کراچی میں آل سٹی تاجر اتحاد نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ بعض تاجروں نے جماعت اسلامی کی جانب سے مبینہ دھمکیوں پر آئی جی سندھ کو تحفظ کے لیے خط بھی لکھا ہے۔