اسرائیل نے امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کو 'اسرائیل دشمن' قرار دے دیا

اسرائیل نے امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کو 'اسرائیل دشمن' قرار دے دیا
سورس: File

یروشلم: اسرائیل نے مظلوم فلسطینیو ں کی حمایت کرنے پر امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کو اسرائیل دشمن قرار دے دیا.

اسرائیل کے صہیونی وزیر  نیشنل سکیورٹی  ایتمار بن گویر نے حالیہ ہفتے امریکی سپر ماڈل بیلا حدید  کی فلسطینیوں  کے ساتھ نسل پرستانہ سلوک پر مذمت کرنے پر ایک بیان میں بیلا حدید کو  'اسرائیل سے نفرت کرنے والی، اسرائیل دشمن' قرار دیتے ہوئے کہا کہ  انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر انٹرویو کا صرف ایک حصہ شیئر کیا تھا تاکہ اسے نسل پرست کے طور پر پیش کیا جا سکے۔ 


یاد رہے کہ حال ہی میں ایک  انٹرویو میں اسرائیلی  وزیر  نیشنل سکیورٹی  ایتمار بن گویر نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے زندگی اور نقل و حرکت کا حق فلسطینیوں کے لیے نقل و حرکت کے حق سے زیادہ ہے۔

 انہوں نے مغربی کنارے کے بائبل کے عبرانی نام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرا حق، میری بیوی کا حق، میرے بچوں کا،  یہودیہ اور سامریہ کی سڑکوں پر سفر کرنے کا حق عربوں کی آزادی کی تحریک کے حق سے زیادہ اہم ہے۔


اس انٹرویو کے بعد سپر ماڈل بیلا حدید، جن کے والد فلسطینی ہیں وہ اور ان کی بہن جی جی حدید فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت میں آواز اٹھاتی رہتی ہیں، نےاپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر بین گویر کے تبصرے پر تنقید  کی اور اسرائیلی وزیر کے انٹرویو کا ایک کلپ اپنے سوشل میڈیا فالوورز کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ان پر نسل پرستی کا الزام لگایا۔ 


بیلا حدید نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2023 یا کسی اور وقت میں اس چیز کا کوئی جواز نہیں ہونا چاہیے کہ کسی شخص کو اس کی اصلیت، ثقافت یا ترجیحات کی وجہ سے دوسرے سے زیادہ اہم سمجھا جائے۔

بیلا حدید کی اس پوسٹ کے بعد اسرائیلی وزیر نے انہیں بھی اپنی بدزبانی کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی وزیر بین گویر نےبیلا حدید کی پوسٹ پر غصے سے بھرپور جواب دیا اور  ان کو اسرائیل سے نفرت کرنے والی اسرائیل دشمن کہتے ہوئے لکھا کہ میں نے کل دیکھا کہ آپ نے میرے انٹرویو کا ایک کلپ لیا اور اسے پوری دنیا میں شائع کیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ میں نسل پرست ہوں اور نفرت پھیلانے والا ہوں۔

بن گویر نے مزید کہا کہ میں یہ بات ہزار مرتبہ کہوں گا اور میں اس پر معافی نہیں مانگوں گا۔ مغربی کنارے کی سڑکوں پر سفر کرنے اور اپنے گھروں کو بحفاظت واپس جانے کا میرا اور میرے ساتھی یہودیوں کا حق پتھر پھینکنے والے دہشت گردوں کے حق سے زیادہ ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے بین گویر کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ  امریکا اسرائیلی وزیر بن گویر کے مغربی کنارے کی فلسطینی آبادی کی آزادی کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی مشرق وسطیٰ کی جنگ میں مغربی کنارے پر قبضہ کر لیا تھا۔ مغربی کنارے میں پچھلے 15 مہینوں کے دوران تشدد میں اضافہ ہوا ہے، اسرائیلی فوج کے مسلسل چھاپے، فلسطینی سڑکوں پر حملے اور فلسطینی دیہاتوں پر یہودی آباد کاروں نے حمل کیے۔  جنوری سے اب تک کم از کم 188 فلسطینی اور اسرائیل میں 35 افراد دشمنی میں مارے جا چکے ہیں۔

مصنف کے بارے میں