ہنوئی : ویتنام میں سمندری طوفان "کاجیکی" نے شدید تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کے مطابق تقریباً 7 ہزار گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جبکہ 28 ہزار ایکڑ پر کھڑی چاول کی فصل پانی میں ڈوب گئی ہے۔
مزید یہ کہ 18 ہزار سے زائد درخت گر چکے ہیں اور بجلی کے سینکڑوں کھمبے تباہ ہو جانے کے باعث کئی علاقے بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، جس سے مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔
ویتنام کی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا اور بعض مقامات پر 6 گھنٹوں میں 150 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جس سے مزید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔