Get Alerts

پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائے، بانی کا پیغام علیمہ خان نے پہنچا دیا

پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائے، بانی کا پیغام علیمہ خان نے پہنچا دیا

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد علیمہ خان نے پارٹی کو اہم پیغام پہنچایا ہے کہ پی ٹی آئی کو پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔

علیمہ خان نے ملاقات کے بعد بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے بونیر اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کا حتمی فیصلہ بانی خود کریں گے۔

علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو ہدایات دیں کہ ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر انتخابات کو قانونی جواز فراہم نہیں کیا جانا چاہیے۔ پارٹی کی کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ وہ ضمنی انتخابات پر غور و فکر کے بعد کل اپنی سفارشات پیش کرے۔

علیمہ خان نے پارٹی کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا جو طویل عرصے سے بانی کے ساتھ کھڑے رہے اور ملاقات کے دوران تعاون فراہم کیا۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ سلمان اکرم راجہ نے ابھی تک استعفیٰ نہیں دیا، لہٰذا استعفیٰ کی منظوری یا مستردگی کا کوئی معاملہ نہیں ہے۔

بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں علیمہ خان نے بتایا کہ ان کی آنکھ میں مسئلہ ہے، اور اس کے علاج کے لیے پی ایم ایس ہسپتال کے ڈاکٹرز آنے والے ہیں۔ بانی کے دیگر وکلاء بشمول علی ظفر اور بیرسٹر گوہر سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور ان کی صحت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں آج کا ماحول خوشگوار تھا اور بشری بی بی کی صحت بھی اچھی ہے