لاہور:پنجاب میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث سکولوں کو پہنچنے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے کے تمام اضلاع کو رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت دے دی ہے۔
محکمہ نے سی ای اوز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ذاتی طور پر سکولوں کا معائنہ کریں اور متاثرہ سکولوں کی تفصیلی رپورٹ مرتب کریں۔ اب تک صرف آٹھ اضلاع نے اپنی رپورٹس محکمہ کو فراہم کی ہیں۔
باقی اضلاع کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کل دوپہر دو بجے تک اپنی رپورٹس جمع کروائیں، ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔
محکمہ نے بتایا ہے کہ سکولوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات کی بنیاد پر متاثرہ اداروں کی بحالی اور امدادی کام شروع کیے جائیں گے۔