Get Alerts

پمز سانحہ، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی، کوئی چیز نہیں چھپائیں گے: مصطفیٰ کمال

پمز سانحہ، ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی، کوئی چیز نہیں چھپائیں گے: مصطفیٰ کمال

اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پمز آتشزدگی کے واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، تحقیقات شفاف ہوں گی اور کوئی بات چھپائی نہیں جائے گی۔

پمز ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کی ہلاکت انتہائی دلخراش واقعہ ہے، جن ماؤں کے لختِ جگر دنیا سے چلے گئے، ان سے دلی افسوس کا اظہار کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر صحت کے مطابق بچوں کے وارڈ میں آکسیجن لگی ہوئی تھی اور اسی آکسیجن نے شعلہ پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ شام 6 بج کر 38 منٹ پر اے سی میں سپارک ہوا، جس کی فوٹیج بھی موجود ہے۔ فوٹیج میں دو سے تین نرسز کو وارڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں اور اگلے دو سے تین روز میں انکوائری رپورٹ سامنے آجائے گی۔ جس نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت جو بھی ذمہ دار ہوگا، اسے نہیں بخشا جائے گا۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ جس اجلاس میں سیکرٹری صحت کو عہدے سے ہٹایا گیا، وہ خود بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں موجود تھے۔

دوسری جانب مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس کے دوران متاثرہ شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آج یہاں قیامت برپا ہوئی ہے اور صرف فوٹوسیشن کیا جارہا ہے، ذمہ داروں کو سزا کب ملے گی؟

ٹیگز: