تل ابیب : کرسمس کے موقع پر اسرائیلی پولیس اور یہودی آبادکاروں نے مسیحی برادری کے خلاف کارروائیاں کیں اور متعدد افراد پر تشدد کیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق، اسرائیلی پولیس نے فلسطین کے شہر حیفہ اور مغربی کنارے میں واقع بیت لحم میں کرسمس کی تقریبات کے دوران شہریوں پر بہیمانہ تشدد کیا، اور کئی افراد کو گرفتار کر لیا۔ وائرل ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار سانتا کلاز کے لباس میں ملبوس شہریوں کو زبردستی گرفتار کر رہے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے کرسمس کے درخت کو نذر آتش کر دیا، جبکہ اسرائیلی پولیس نے حیفہ میں موسیقی ہال میں اچانک داخل ہو کر کرسمس کی تقریب کو روک دیا اور وہاں موجود سامان بھی ضبط کر لیا۔
اس کے باوجود، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی پابندیوں کے باوجود فلسطینی مسیحی برادری نے کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا۔ 25 دسمبر کو بیت لحم میں کرسمس کی تقریبات غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ منعقد کی گئیں، جنہیں دنیا بھر کے مسیحی کمیونٹیز نے بڑی اہمیت دی۔