کراچی :پاکستانی شوبز کی معروف ڈائریکٹر، پروڈیوسر، مصنفہ اور اداکارہ انجلین ملک نے مداحوں کو خوشخبری دی ہے کہ ان کے حالیہ میڈیکل اسکینز کلیئر آ گئے ہیں اور وہ اس وقت کینسر فری ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں انجلین ملک نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے، مگر کینسر کے بعد کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کسی مریض کو مکمل طور پر کینسر فری قرار دینے کے لیے دو سے پانچ سال تک مسلسل کلیئر اسکینز ضروری ہیں، اور بعض کیسز میں یہ مدت دس سال تک بھی ہو سکتی ہے۔
انجلین ملک نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے اس مرحلے میں کچھ دن امید کے ساتھ اور کچھ دن خوف کے ساتھ گزرتے ہیں، مگر وہ ہر دن کا سامنا حوصلے، شکرگزاری اور عزم کے ساتھ کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آج کے دن کے لیے شکر گزار ہیں، کل کے لیے تیار ہیں اور کبھی ہار نہیں مانیں گی۔
ان کی اس خوشخبری کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے، جو ان کی ہمت اور استقامت کو سراہ رہے ہیں۔