آشیانہ ہاؤسنگ کیس، ملزم شاہد شفیق کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

 آشیانہ ہاؤسنگ کیس، ملزم شاہد شفیق کا مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

لاہور: آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار ملزم شاہد شفیق کو مزید 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا گیا۔ قومی احتساب بیورو نے ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی نشاندہی پر گزشتہ روز بسم اللہ کمپنی کے سی ای او شاہد شفیق کو گرفتار کیا تھا۔

آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کیس میں گرفتار شاہد شفیق ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں تھے اور اس دوران ان کی اہلیہ نے اپنے شوہر پر نیب کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام لگایا اور نیب کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی بھی درخواست کی۔

شاہد شفیق کی میڈیکل رپورٹ میں ان کی اہلیہ کی جانب سے تشدد کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا ہے۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق پیشی کے وقت شاہد شفیق کی حالت بالکل درست تھی، وہ ذہنی اور جسمانی طور پربالکل تندرست ہیں البتہ انہیں صرف معمولی ڈپریشن تھا۔

دوسری جانب نیب نے ملزم شاہد شفیق کو احتساب عدالت میں پیش کیا جہاں نیب نے ملزم کی میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی تو ملزم کے وکلا نے اسے مسترد کر دیا۔

شاہد شفیق کے وکیل نے تشدد کی تصاویر عدالت میں جمع کروائیں اور مؤقف اختیار کیا کہ میڈیکل رپورٹ نیب نے اپنی مرضی و منشا سے بنوائی ہے۔ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تشدد کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔

نیب کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس کی ملزم کے وکیل نے مخالفت کی تاہم عدالت نے دلائل کے بعد ملزم کو مزید 7 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ ملزم کو 5 مارچ کو ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں