اسلام آباد : پاکستان میں رویت ہلال ریسرچ کونسل نے اپنی حالیہ پیشگوئی میں کہا ہے کہ ملک بھر میں عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہونے کا قوی امکان ہے۔ سیکرٹری جنرل رویت ہلال ریسرچ کونسل، خالد اعجاز مفتی نے اس بات کی تصدیق کی کہ 19 مارچ بروز جمعرات کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے، جس کے نتیجے میں رمضان کا مہینہ 30 دن پر مشتمل ہوگا۔
مفتی خالد اعجاز نے مزید بتایا کہ 19 مارچ کو نیا چاند پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اس کی عمر صرف 13 گھنٹے ہوگی۔ چاند کی عمر اگر 19 گھنٹے ہوتی تو پھر اسے آنکھ، دوربین یا ٹیلی سکوپ سے دیکھا جا سکتا تھا، لیکن چاند کی عمر کم ہونے کی وجہ سے اس کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔اس پیشگوئی کے مطابق، عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔