Get Alerts

ٹی20 ورلڈکپ2026: بھارت کی زمبابوے کو 72 رنز سے شکست

ٹی20 ورلڈکپ2026: بھارت کی زمبابوے کو 72 رنز سے شکست

چنئی: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے اہم میچ میں بھارت نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو 72 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔

زمبابوے کی ٹیم 257 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز تک محدود رہی۔

چنئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بھارتی بیٹرز نے اس فیصلے کو غلط ثابت کرتے ہوئے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا۔


بھارتی کھلاڑیوں نے زمبابوین بولرز کے خلاف دل کھول کر شاٹس کھیلے اور میدان کے چاروں جانب رنز بٹورے۔ ٹیم نے 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور کیا۔ اننگز کے دوران بھارتی بیٹرز نے مجموعی طور پر 17 چھکے لگائے۔

ابھیشیک شرما 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ایشان کشن نے 38 جبکہ کپتان سوریہ کمار یادیو نے 33 رنز بنائے۔ سنجو سیمسن 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آخری اوورز میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو بلندی تک پہنچایا۔ پانڈیا نے 23 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز بنائے جبکہ تلک ورما 16 گیندوں پر 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

یہ مجموعہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007 میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔ رواں ٹورنامنٹ میں بھی یہ اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔


ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی جانب سے اوپنر برائن بینیٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ کپتان سکندر رضا نے 31 رنز کا اضافہ کیا۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس شکست کے بعد زمبابوے سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔ سپر 8 کے گروپ ون سے جنوبی افریقا پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

گروپ سے دوسری ٹیم کا فیصلہ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے آئندہ میچ کے بعد ہوگا، جس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔

ٹیگز: