زینب قتل کیس :ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے ، جے آئی ٹی

زینب قتل کیس :ملزم عمران کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں ہے ، جے آئی ٹی

لاہور: زینب قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو ملزم عمران کا قصور کے کسی بینک میں اکاؤنٹ نہیں ملا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کیں اور قصور کے تمام بینکوں میں ملزم کے اکاؤنٹس کی چھان بین مکمل کرلی ہے جس میں ملزم کا قصور کے 12 بینکوں میں کوئی اکاؤنٹ نہیں ملا۔ذرائع نے بتایا کہ ملزم عمران کے شناختی کارڈ پر کسی بھی بنک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ قصور واقعے پر پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی کی درخوست ملی ہے جس میں ملزم کے اکاؤنٹس کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہےکہ بینک جے آئی ٹی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا، ملزم عمران کے اکاؤنٹس سےمتعلق معلومات پر تحقیقات کی جائے گی جس کے لیے بینکوں سے معلومات جمع کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔واضح رہےکہ ملزم عمران کے متعدد بینک اکاؤنٹس کی خبریں سامنے آئی تھیں جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے جے آئی ٹی تشکیل دیدی تھی۔ 

خیال رہے کہ  زینب انصاری کو رواں ماہ کے آغاز میں کوٹ روڈ پر واقع ان کی رہائش گاہ کے قریب سے اغوا کر لیا گیا تھا اور ان کی لاش چند دن بعد ایک کوڑے کے ڈھیر سے ملی تھی۔زینب کی لاش ملنے کے بعد قصور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے بھی اس معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔