لاہور : سیشن کورٹ لاہور میں جوئے ایپ کی پروموشن کے مقدمے میں ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج منصور احمد قریشی نے کیس کی سماعت کی اور دوران سماعت دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں 16 فروری تک توسیع کر دی۔ اس موقع پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے مقدمے کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروا دیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تفتیش ابھی مکمل نہیں ہو سکی اور مزید وقت درکار ہے۔ رجب بٹ اور ندیم مبارک عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔
یاد رہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے نے جوئے ایپ کی پروموشن کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ عدالت نے تفتیش مکمل ہونے تک عبوری ضمانت میں توسیع کر دی اور کیس کی اگلی سماعت 16 فروری کو مقرر کر دی۔