اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے منظور کردہ سات اہم ترین بلوں پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ تمام بل فوری طور پر ملک بھر میں نافذ العمل ہو گئے ہیں۔ صدر سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، ان بلوں کی توثیق کے ساتھ ہی متعلقہ شعبوں میں قانون سازی کا طویل عمل پایہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔
منظور کیے گئے قوانین میں معاشی استحکام، انسانی حقوق اور تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے درج ذیل بل شامل ہیں۔ صدر نے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2026 کے نفاذ کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد ٹیکس نیٹ کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹیرف کمیشن اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ کے ترمیمی بلز بھی منظور کیے گئے ہیں تاکہ تجارت اور برآمدات کو فروغ مل سکے۔
معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ کا بل 2026 نافذ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے اختیارات میں ترمیم کی توثیق بھی کی گئی ہے۔ تعلیمی شعبے میں دانش سکولز اتھارٹی بل کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ محکمہ ریلوے کے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے ریلوے کی منتقلی سے متعلق ترمیمی بل کی بھی توثیق کر دی گئی ہے۔