لاہور: سکول میں 3 سالہ بچی سے جنسی زیادتی، درندہ صفت گرفتار

Tragic incident in Lahore, alleged abuse of a 3-year-old girl by the husband of a school teacher
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سرکاری سکول کی استانی کے شوہر نے 3 سالہ بچی کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا ہے۔

پولیس نے بچی کے والد چاند مسیح کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم سلیم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق رائے ونڈ کے علاقے سندر روڈ کرسچن کالونی میں سرکاری سکول میں پڑھنے کے لئے جانے والی 3 سالہ طالبہ (ع) کو اوباش نوجوان سلیم نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

بچی سکول سے گھر آئی تو اس کے کپڑے گیلے اور ان پر خون لگا ہوا تھا۔ جس پر متاثرہ بچی کی ماں نے اپنے شوہر کو آگاہ کیا۔

بچی اور اسی سکول میں پڑھنے والے اس کے کزن سمین سے پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ اسے سکول میں سلیم نامی شخص نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ سندر روڈ پر واقع ایک گاؤں کالے دا کوٹ کے سرکاری سکول میں پیش آیا۔

متاثرہ بچی سکول کے پلے گروپ جبکہ اس کی بہن نرسری میں زیر تعلیم ہے۔ متاثرہ بچی کے والدین کی درخواست پر اس کا طبی معائنہ کرایا گیا اور ملزم کو گرفتار کرکے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ کیس کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔