لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مثالی گاؤں منصوبہ میں عوامی ضروریات کو اہمیت دی جائے گی اور ترجیحات کا تعین انہی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب اور ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے مثالی گاؤں پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لیے ایک ڈیڈ لائن طلب کر لی۔
اس اجلاس میں پنجاب میں 1200 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جس کے تحت ہر مثالی گاؤں میں 24/7 واٹر سپلائی، مکمل سیوریج نیٹ ورک، اور ویسٹ مینجمنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ فراہم کیے جائیں گے۔
مزید برآں، پنجاب کے مثالی گاؤں میں پختہ گلیاں، سڑکوں کی بحالی، چلڈرن پارک اور شجرکاری کے منصوبے بھی شامل ہوں گے۔ ان گاؤں میں گھروں پر نمبر لگائے جائیں گے اور سائن بورڈز بھی نصب کیے جائیں گے تاکہ لوگوں کو بہتر رہائش اور سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں سولر سسٹم سے چلنے والے واٹر سپلائی ماڈل اور سیوریج سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس پراجیکٹ کے تحت پائلٹ فیز کے طور پر 130 دیہات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد ہر گاؤں کو مکمل طور پر ڈویلپ کرنا ہے تاکہ عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کیا جا سکے اور ان کی ضروریات کے مطابق ترقی کی جا سکے۔