Get Alerts

اسحاق ڈار نے عافیہ صدیقی کیس کے حوالے سے اپنے ریمارکس کی وضاحت کر دی

اسحاق ڈار نے عافیہ صدیقی کیس کے حوالے سے اپنے ریمارکس کی وضاحت کر دی

اسلام آباد: نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ریمارکس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔

اپنی ٹوئٹ میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اٹلانٹک کونسل تھنک ٹینک واشنگٹن میں عمران خان کے کیس کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بطور مثال ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا ذکر کیا تھا، جسے غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومتوں کے دوران ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سفارتی، قانونی اور عدالتی سطح پر کوششیں کی جاتی رہی ہیں اور یہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا، جب تک یہ معاملہ مکمل طور پر حل نہیں ہو جاتا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہر ملک کا ایک آئینی اور عدالتی نظام ہوتا ہے جس کا احترام لازم ہے، چاہے وہ پاکستان ہو یا امریکا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے موجودہ حکومت کا مؤقف دو ٹوک اور واضح ہے، اور اس پر کسی قسم کا ابہام نہیں۔

خیال رہے کہ اٹلانٹک کونسل میں ایک سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان میں قانونی عمل جاری ہے اور کسی کیس کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، جیسے کہ عافیہ صدیقی برسوں سے امریکی جیل میں قید ہیں، لیکن یہ کہنا کہ ان کے ساتھ انصاف نہیں ہوا، ٹھیک نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عافیہ صدیقی کی سزا قانونی عمل کے نتیجے میں ہوئی ہے تو یہی اصول دیگر معاملات پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔

ٹیگز: