عید پر سوگ کا اسلام میں تصور نہیں ہے ،قوم اجتماعی دعائوں کا اہتمام کرے، مفتی منیب

 عید پر سوگ کا اسلام میں تصور نہیں ہے ،قوم اجتماعی دعائوں کا اہتمام کرے، مفتی منیب

اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ عید پر سوگ کا اسلام میں تصور نہیں ہے ،عید میلے ٹھیلے کا نام نہیں بلکہ مذہبی فریضہ ہے ، قوم ملک میں ہونے والے پے درپے سانحات پر افسردہ ہے ، پوری قوم عیدالفطر کے موقع پر ملکی ترقی ، سالمیت اور امن کے لیے اجتماعی دعائوں کا اہتمام کرے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے وزارت مذہبی امور میں عید کاچاند نظر آنے کے اعلان کرنے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، افتخار حسین، میاں عنایت الرحمن، سید خالد محمود ندیم ، علامہ شاہد علی شاہ گیلانی،غلام مرتضیٰ ، مولانا عبدالکبیر آزاد، مفتی ابراہیم قادری سمیت اسلام آباد ریجن سے علامہ سجاد نقوی، احمد حسن چشتی، ضیااللہ خان، حافظ محمد اسحق ظفر اور ظفراقبال نے بھی شرکت کی ۔

مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ رمضان کے آخری ایام میں کوئٹہ ، پارا چنار اور کراچی میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے اور اب احمد پور شرقیہ میں بڑا سانحہ ہوا ، ان سانحات پر قوم دکھی ہے اور اس دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں ۔ سانحات کے بعد آنے والی عید کے بارے میں عام طورپر کہاجاتا ہے کہ عید نہیں منائی جا ئے گی ، عید کسی میلے ٹھیلے کا نام نہیں ، ایسی باتوں کا اسلامی تصور سے تعلق نہیں ہے ، عید عبادت کا نام ہے ۔