رواں سال ملک بھر میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن

رواں سال ملک بھر میں موسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کے صدر نے کہا ہے کہ رواں سال ملک بھرموسم گرما کی تعطیلات نہیں ہوں گی بلکہ سکولوں میں کلاسز کے انعقاد کیساتھ ساتھ آن لائن کلاسز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدرآل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہناہے کہ تعلیمی ادارے بند کرکے طلبا کا 18 ماہ سے تعلیمی نقصان کاازالہ ناممکن ہے اس لئے اس مرتبہ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے کے بجائے تدریس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ 
سیکرٹری اطلاعات آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سکول اوقات کار صبح 7سے11بجے تک ہوں گے اور سندھ کی طرح دیگر صوبے بھی موسم گرما تعطیلات ختم کر کے سکولوں کے اوقات کار صبح 7 بجے سے 11 بجے تک کرنے کا اعلان کریں۔ 
ان کا مزید کہنا تھا کہ گرمی کی صورتحال کے پیش نظر رکھتے ہوئے اس بات کی اجازت دیں گے کہ طلباءبغیر یونیفارم کے سکول آ جائیں جبکہ آن لائن تعلیم کی سہولت رکھنے والے سکولز آن لائن کلاسز کا انعقاد کریں گے۔ 
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے یکم جولائی سے سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں دینے پر غور شروع کر دیا ہے اور یہ تجویز زیر غور ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں یکم اگست تک دی جائیں۔ اس وقت امتحانات کا سلسلہ جاری ہے اور 30 جون تک سرکاری سکولوں میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک امتحانات جاری رہیں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے رواں ہفتے ہی سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ ہونے اور نوٹیفکیشن جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ 
دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ پانچویں جماعت کے بورڈ امتحانات ختم کرنے کے بعد اب ہم آٹھویں جماعت کا امتحان بھی ختم کرنے جا رہے ہیں۔