Get Alerts

منشیات کی زنجیر توڑنے کیلئے قومی اور عالمی سطح پر جدوجہدکی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

منشیات کی زنجیر توڑنے کیلئے قومی اور عالمی سطح پر جدوجہدکی ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پوری قوم اور عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یہ بات منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ منشیات کا خاتمہ ایک مربوط حکمت عملی، پختہ عزم اور عوامی شعور کے بغیر ممکن نہیں۔ یہ مسئلہ نہ صرف قانونی، بلکہ معاشرتی، اخلاقی اور انسانی سطح پر بھی ہماری نسلوں کے مستقبل کو داؤ پر لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26 جون کا دن دنیا بھر میں اس بات کی یاد دہانی ہے کہ منشیات کے خلاف عالمی سطح پر سنجیدہ کوششیں ضروری ہیں۔ اس سال عالمی دن کا موضوع "زنجیر کو توڑنا: سب کیلئے احتیاط اور بحالی" ہے، جو اس بات پر زور دیتا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورکس کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان انسداد منشیات فورس (ANF) کے ذریعے سخت اقدامات کر رہی ہے، لیکن صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، معاشرے کے ہر فرد کو اس جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے نوجوانوں میں آگاہی مہمات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ہمیں نئی نسل کو منشیات کے نقصانات اور اس کے پیچھے موجود مجرمانہ نیٹ ورکس سے بچانا ہوگا۔

شہباز شریف نے منشیات کے متاثرین کی بحالی پر بھی زور دیا اور کہا کہ سرکاری اداروں، سول سوسائٹی اور خاندانوں کے درمیان قریبی تعاون سے ہی متاثرہ افراد کو نئی زندگی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات تک آسان رسائی بہت سے انسانی المیوں کا سبب بن رہی ہے، جسے روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

آخر میں وزیراعظم نے اُمید ظاہر کی کہ تمام طبقات، ادارے اور شہری مل کر ایک محفوظ، صحت مند اور باوقار معاشرے کے قیام میں کردار ادا کریں گے۔

ٹیگز: