Get Alerts

ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، پاکستان نے برادر ملک کا بھرپور ساتھ دیا: وزیراعظم شہباز شریف

ایران اسرائیل جنگ بندی خوش آئند ہے، پاکستان نے برادر ملک کا بھرپور ساتھ دیا: وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ایک خوش آئند پیش رفت ہے، اور پاکستان نے ہر سطح پر برادر اسلامی ملک ایران کا بھرپور ساتھ دیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران نے نہ صرف پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا، بلکہ عوامی سطح پر بھی پاکستان کے کردار کی بھرپور تعریف کی، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایران نے اسرائیل کے حملوں کا دلیرانہ جواب دیا اور دشمن کے عزائم کو بہادری سے ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

اجلاس میں ملکی سلامتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو شکست فاش دی ہے اور فتنۂ خوارج کے خلاف زبردست کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم دشمن کے خلاف جنگ جیتیں گے۔ پاک فوج کی قربانیاں قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔"

وزیراعظم نے نئے مالی سال کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں بہت محنت کی گئی ہے اور حکومتی اتحادی جماعتوں، نائب وزیراعظم، اور صدر مملکت آصف علی زرداری و بلاول بھٹو زرداری کی معاونت بھی قابل تحسین ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایوان میں بجٹ کی منظوری احسن طریقے سے ہو گی اور نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ محرم الحرام کا آغاز ہونے جا رہا ہے، لہٰذا وفاقی اور صوبائی سطح پر امن و امان کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ مجالس اور جلوسوں میں امن، برداشت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا جائے۔

ٹیگز: