لاہور: محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے ٹیکس ریکوری مہم کے سلسلے میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام ایکسائز دفاتر 30 جون تک ہر روز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے، حتیٰ کہ اتوار کے روز بھی۔
محکمہ ایکسائز کے ترجمان کے مطابق، تمام فیلڈ دفاتر 29 جون (اتوار) اور 30 جون کی رات 12 بجے تک کام جاری رکھیں گے تاکہ شہری موٹر وہیکل ٹیکس سمیت دیگر واجبات کی بروقت ادائیگی کر سکیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اقدام عوامی سہولت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آخری تاریخ سے پہلے ٹیکس جمع کروانے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ نادہندگان کے لیے یہ سہولت بھی موجود ہے کہ وہ ای پیمنٹ سسٹم کے ذریعے گھر بیٹھے موٹر وہیکل ٹیکس ادا کر سکتے ہیں۔
محکمہ ایکسائز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت پر اپنے ٹیکسز جمع کروا کر جرمانے سے بچیں اور محکمہ کی ریکوری مہم کو کامیاب بنائیں۔