شان ڈونگ :چین کے شہر شان ڈونگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی موجودگی میں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر کشمیر پر قابض ہے اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
وزیر دفاع نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازعات خصوصاً کشمیر اور فلسطین کے پرامن حل کے لیے موثر کردار ادا کرے، کیونکہ یہ خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔ خواجہ آصف نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں اور بلاامتیاز کارروائی کے حامی ہیں۔
انہوں نے بھارتی نیول افسر کلبھوشن یادیو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کے قوانین کے مطابق زیر حراست ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کو سیاست کا آلہ نہ بنایا جائے اور کسی ملک کی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس کا استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
خواجہ آصف نے ایس سی او کو خطے میں امن و استحکام کا اہم ستون قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اس کے اصولوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کی ایران پر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
آخر میں وزیر دفاع نے افغانستان میں پائیدار امن کو خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ خطرہ ہے اور اسے اجتماعی طور پر ختم کرنا ہوگا۔