ممبئی:بالی وُڈ کی تاریخ کی سب سے مشہور فلموں میں شامل ’شعلے‘ اب اپنے غیر سنسر شدہ اور اصل اختتام کے ساتھ دوبارہ ریلیز ہونے جا رہی ہے۔ یہ فلم 26 جون کو اٹلی کے شہر بولوگنا میں ہونے والے بین الاقوامی فلم فیسٹیول سینما ریٹروواٹو میں پیش کی جائے گی۔
1975 میں بننے والی اس فلم کے کئی مناظر اور اصل انجام اس وقت سنسر بورڈ کی مداخلت کے باعث حذف کر دیے گئے تھے۔ نئی ریلیز میں وہ تمام سین، موسیقی اور اصل اختتام شامل ہوں گے جن میں گبر سنگھ کو قتل کرتے دکھایا گیا تھا ،وہی انجام جو ہدایتکار رمیش سپی نے ابتدا میں تصور کیا تھا۔
فلم کے نیگیٹیوز برسوں بعد مختلف گوداموں اور برٹش فلم انسٹیٹیوٹ کے آرکائیوز سے دریافت کیے گئے، جنہیں عالمی معیار کی لیبارٹریز میں بحال کیا گیا۔ امیتابھ بچن، دھرمیندر، ہیما مالنی اور امجد خان کی یہ فلم اب تاریخ کے ایک نئے باب کے ساتھ سامنے آئے گی۔