ممبئی : بھارت کی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کے لیے ایک نئی فلاحی اسکیم کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت ہر نومولود کو ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی بطور تحفہ دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ وجے نے "تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم" متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سرکاری اسپتالوں میں بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی جانب راغب کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس اسکیم کے لیے ریاستی حکومت نے سالانہ 755.83 کروڑ بھارتی روپے مختص کیے ہیں، جبکہ ایک گرام سونے کی انگوٹھی ہر اس بچے کو دی جائے گی جو سرکاری اسپتال میں پیدا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ وجے کی سالگرہ کے موقع پر 22 تاریخ کو سرکاری اسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچے اس اسکیم سے ابتدائی طور پر مستفید ہوں گے، جبکہ اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے کیا جائے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی فلاح، ماں اور بچے کی بہتر صحت، اور سرکاری طبی مراکز پر اعتماد میں اضافے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔