حکومت کیخلاف پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ کا آغاز

حکومت کیخلاف پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ کا آغاز
کیپشن: آج حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں، بلاول بھٹو۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

کراچی: کراچی سے لاڑکانہ کے لئے کاررواں بھٹو اسپیشل ٹرین میں روانہ ہو گیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینٹ اسٹیشن پہنچے تو بڑی تعداد میں کارکنان جمع ہوئے اور بلاول کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقے کو پارٹی پرچموں اور رہنماؤں کی تصاویر سے سجا دیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا سیلاب ہمارے ساتھ ہے اور ذوالفقار علی بھٹو نے شہادت قبول کی مگر یوٹرن نہیں لیا۔ آمر کے آگے سر نہیں جھکایا اور عوام کو دھوکا نہیں دیا۔ آج حکمران ذوالفقار علی بھٹو کے کارکنوں اور نواسے سے ڈرتے ہیں اور 4 اپریل کو قافلہ گڑھی خدابخش پہنچے گا۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری مارچ کے دوران 25 سے زائد مقامات پر خطاب کریں گے۔ اپنے پیسے دے کر ٹرین بک کرائی ہے اور اگر وفاقی حکومت ٹرین مارچ میں مداخلت کرے گی تو نمٹ لیں گے۔