پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو "تحریکِ انتشار" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جماعت نے ہمیشہ قومی مفادات کے برعکس کام کیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی احتجاجی سیاست اور عدالتی معاملات پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج اور تحریکیں چلانے کے اعلانات کوئی نئی بات نہیں ۔ پی ٹی آئی پہلے بھی کئی بار تحریکیں چلانے کے بلند و بانگ دعوے اور ناکام اعلانات کر چکی ہے، جن کا مقصد صرف سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔ اس جماعت کا ایجنڈا ہمیشہ ملکی مفاد کے خلاف رہا ہے، جس سے ملک کی معیشت اور وقار کو نقصان پہنچا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو سزائیں عدالتوں نے دی ہیں، اس لیے انہیں سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کرنے کے بجائے عدالتوں سے ہی رجوع کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ قانونی معاملات کا حل قانونی طریقے سے ہی ممکن ہے، دھونس اور دھمکی کی سیاست سے عدالتوں پر اثر انداز نہیں ہوا جا سکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے زور دیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، نہ کہ انتشار۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ منفی سیاست چھوڑ کر آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرے۔