Get Alerts

پاکستان میں 18 کروڑ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کی حساس معلومات چوری، نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی نے خبردار کر دیا

پاکستان میں 18 کروڑ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کی حساس معلومات چوری، نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی نے خبردار کر دیا

اسلام آباد  :  نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سی آر ٹی) نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ڈیٹا لیک کے نتیجے میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس کے پاسورڈز اور حساس معلومات چوری ہو گئی ہیں۔ متاثرہ کمپنیوں میں گوگل، فیس بک، ایپل، انسٹاگرام، سنیپ چیٹ سمیت متعدد حکومتی ویب پورٹلز شامل ہیں۔

نیشنل سی آر ٹی کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ انفوسٹیلر میلویئر کے ذریعے صارفین کے اکاؤنٹس کی معلومات چوری کی گئی ہیں، جس سے شناخت کی چوری، اکاؤنٹ ہیکنگ اور رینسم ویئر حملوں کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔ سرکاری اداروں اور مالیاتی اکاؤنٹس بھی اس حملے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

ایڈوائزری میں صارفین کو فوری طور پر اپنے تمام اکاؤنٹس کے پاسورڈز تبدیل کرنے، دو مرحلہ جاتی تصدیق (Two-Factor Authentication) کو فعال کرنے اور پاسورڈ منیجر استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صارفین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاسورڈز کو ای میل یا غیر محفوظ فائلوں میں محفوظ نہ کریں اور اینٹی وائرس و سکیورٹی سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ رکھیں۔

نیشنل سی آر ٹی نے اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ صارفین کو فوری طور پر مطلع کریں اور اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات، صارفین کی آگاہی اور موثر نگرانی کو یقینی بنائیں۔ ٹیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کے قومی ڈیجیٹل نظام کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ٹیگز: