لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں حالیہ آندھی اور طوفان کے دوران پیش آنے والے 70 فیصد حادثات کی بڑی وجہ سولر پینلز کی غیرمعیاری اور ناقص تنصیب ہے۔
پی ڈی ایم اے نے محکمہ توانائی، بلدیاتی اداروں، کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ سولر پینلز کی تنصیب کے لیے سخت حفاظتی گائیڈلائنز مرتب کی جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خراب معیار کے سولر پینلز طوفان میں عمارتوں سے ٹوٹ کر گرنے اور حادثات کا سبب بنے ہیں، جن سے مالی اور جانی نقصان ہوا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ سولر پینلز کی تنصیب کا عمل سرٹیفائیڈ اور محفوظ طریقے سے کیا جائے اور پنجاب بھر میں نصب تمام سولر پینلز کا معائنہ کیا جائے
پی ڈی ایم اے نے بلدیاتی اداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں فوری کارروائی کریں اور سولر پینلز کی تنصیب کے ضوابط پر مکمل عمل درآمد کرائیں۔