تہران : وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی، جس میں خطے کی سلامتی، پاک ایران تعلقات اور مسلم اُمہ کی فکری رہنمائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے سپریم لیڈر کو مسلم دنیا کی نمایاں شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ رہنمائی اور سرپرستی کے لیے ان کی جانب دیکھتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت اور تنگ نظری کے خلاف ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
شہباز شریف نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری مذاکرات کی کامیابی سے خطے میں امن و استحکام کی امید ظاہر کی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے وزیراعظم کی علاقائی امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور ان سے پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔