پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات مان لئے گئے لیکن مارجن میں اضافہ کابینہ کی منظوری سے ہوگا، حماد اظہر

پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبات مان لئے گئے لیکن مارجن میں اضافہ کابینہ کی منظوری سے ہوگا، حماد اظہر

اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے منافع میں اضافہ مان لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کے مارجن میں اضافے کا اطلاق کابینہ کی منظوری کے بعد ہوگا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہر نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے 99 پیسے فی لٹر اضافے کا مطالبہ مان لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فی لٹر پٹرول کے مارجن میں اضافے کا اطلاق کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے بعد ہوگا ۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا ہے کہ   حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مذاکرات کے بعد ہڑتال ختم ہو گئی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر تک اضافہ کریگی جبکہ  اضافے کا اطلاق کابینہ سے منظوری کے بعد ہو گا ۔اس حوالے سے منظوری کےلیے سمری بھیج دی گئی ہے  جبکہ 6 ماہ کے بعد ڈیلرز کے منافع میں 4.4فیصد تک اضافے کےلیے اقدامات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع میں اضافےکے لیے25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ہڑتال کے تحت ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیے گئے تھے جس کے باعث ملک بھر میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑرہا تھا ۔