اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 728، جو جدہ سے آ رہی تھی، لینڈنگ کے دوران ایک بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق، ایئر ٹریفک کنٹرولر کے بروقت اقدام نے طیارے کو غلط رن وے پر لینڈنگ کرنے سے روکا۔
تفصیلات کے مطابق، رن وے 28 لیفٹ مرمت کے لیے بند تھا، اور ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس کی بندش کا نوٹم جاری کر رکھا تھا۔ سعودی ایئرلائن کے طیارے کا پائلٹ نے رن وے 28 رائٹ کی بجائے 28 لیفٹ پر لینڈنگ کی کوشش کی، جس پر ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری طور پر پائلٹ کو اطلاع دی کہ وہ غلط رن وے پر ہیں۔ تاہم، طیارے کے پائلٹ نے اس بات پر یقین کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ صحیح رن وے پر ہیں۔
ایئر ٹریفک کنٹرولر نے آخری وقت میں پائلٹ کو لینڈنگ روک کر دوبارہ چکر لگانے کی ہدایت کی، جس کے بعد سعودی ایئرلائن کا بوئنگ 777 طیارہ درست رن وے 28 رائٹ پر کامیابی سے لینڈ کر گیا۔
اگر طیارہ غلط رن وے 28 لیفٹ پر لینڈ کر جاتا، تو اس وقت رن وے پر بڑی تعداد میں لوگ اور گاڑیاں موجود تھیں، جس کی وجہ سے سنگین حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ اس وقت سعودی ایئرلائن کے بوئنگ 777 طیارے میں سیکڑوں مسافر سوار تھے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔