Get Alerts

اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافی قرض منظور کر لیا

اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافی قرض منظور کر لیا

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافی قرض منظور کر لیا ہے، جو صوبہ بلوچستان میں پانی سے متعلق منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین کے مطابق یہ فنڈز بلوچستان میں جدید پائپڈ واٹر سپلائی سسٹم متعارف کرانے کے لیے استعمال ہوں گے، جس سے پانی کے ضیاع میں کمی آئے گی اور صوبے میں پانی کی شدید قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ بلوچستان کی معیشت کا بیشتر حصہ زراعت پر منحصر ہے اور وہاں کی 60 فیصد آبادی اسی شعبے سے وابستہ ہے۔ صوبے میں موسمیاتی اثرات اور پانی کی کمی کی وجہ سے زرعی شعبہ خاصا متاثر ہو رہا ہے، اور یہ منصوبہ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

اے ڈی بی کے مطابق، اس منصوبے کے تحت 1,839 ہیکٹر بارانی اراضی میں پانی کی فراہمی بہتر ہوگی، اور اضافی رقم ژوب اور مولا دریائی علاقوں میں خرچ کی جائے گی۔ اس منصوبے سے ان علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ایمافین نے مزید کہا کہ اس اضافی امداد سے زراعت سے منسلک خواتین کے لیے بھی معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔ منصوبے میں جاپان فنڈ اور ہائی لیول ٹیکنالوجی فنڈ کی کو فنانسنگ بھی شامل ہے۔

ٹیگز: