Get Alerts

ملک کی ترقی کے لیے درست سمت کا تعین ضروری ہے ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

ملک کی ترقی کے لیے درست سمت کا تعین ضروری ہے ، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

کراچی:ا یپ سپ کے زیر اہتمام ملک گیر آگاہی مہم "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے سلسلے میں آئی او بی ایم کورنگی کریک میں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں اپنی سمت کا درست تعین کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم صحیح سمت میں قدم اٹھائیں، تو منزل خود بخود سامنے آ جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے ہمیں انفرادی طور پر اپنی کردار سازی پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا، "ہم ڈاکٹر، انجینئرز تو بنا رہے ہیں لیکن بہترین انسان نہیں بنا رہے۔" ان کے مطابق اگر ہم نے اپنے کردار کو بہتر نہیں کیا تو ہم ترقی کی راہ پر نہیں چل سکتے۔

انہوں نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ "پاکستان مسلمانوں کا ملک ہے، مگر شفافیت میں ہمارا 137 واں نمبر ہے، اور ہم ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں ان ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں جہاں خانہ جنگی ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں تبدیلی لانے کے لیے ہمیں سب کو مل کر سوچنا ہوگا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کراچی کی حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "کراچی کی حالت پر رونا آتا ہے، لیکن اگر ہم سب مل کر کام کریں تو اس شہر کی تقدیر بدل سکتی ہے۔" انہوں نے کہا کہ اس میں صرف سیاستدانوں کا کردار نہیں بلکہ طلبہ کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔

ان کا پیغام واضح تھا: "ہمیں نبی کریم ﷺ کے اصولوں کو اپنانا ہوگا تاکہ ہم ایک بہترین معاشرہ قائم کر سکیں۔" انہوں نے طلبہ کو بھی مشورہ دیا کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ وہ منفرد ہوں اور ترقی کریں، تو انہیں اپنی سمت کو درست کرنا ہوگا۔

ٹیگز: