Get Alerts

ضمنی انتخابات میں عوام نے نفرت اور فساد کو شکست دی: نواز شریف

 ضمنی انتخابات میں عوام نے نفرت اور فساد کو شکست دی: نواز شریف

لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں شدید بحران آیا اور پورے ملک کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے 2022 تک جو کچھ ہوا، اس کی تمام ذمہ داری ان لوگوں پر ہے۔

نو منتخب ارکانِ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے کارکردگی کو ترجیح دی اور نفرت، فسادات اور بحرانوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے ضمنی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز کو مبارکباد دی اور کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ نو منتخب اراکینِ اسمبلی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی اور فساد کو شکست ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے ملک میں تباہی اور بدتہذیبی کو فروغ دیا، جس کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس دور میں خارجہ پالیسی بھی ناکام ہو گئی اور حکومت میں میرٹ کو بالکل نظرانداز کیا گیا۔ اگر ترقی کی رفتار برقرار رہتی تو آج پاکستان دنیا میں ایک اہم مقام پر ہوتا۔ تاہم، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا گیا اور پنجاب و وفاقی حکومت دن رات محنت کر رہی ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ اب ملکی معیشت اور انتظامیہ کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں اور ڈیڑھ سال میں ہم نے عوامی خدمت کے کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نہ صرف معاشی بلکہ اخلاقی اور سماجی دیوالیہ پن سے بھی بچایا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان اکیلے مجرم نہیں، بلکہ ان کو لانے والے بھی اس میں برابر کے شریک ہیں۔ جنہوں نے دوسروں کو چور اور ڈاکو کہا، وہ خود چور ثابت ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فساد اور بدامنی کے ماحول میں کسی قوم کی ترقی ممکن نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں غریبوں کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر کی جا رہی ہے، اور وہاں مفت علاج معالجے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال بن رہے ہیں، ہر ضلع میں گرین بسیں چل رہی ہیں، اور پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے بہتر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا بائیکاٹ کرنے والوں نے خود الیکشن میں حصہ لیا اور شکست کھائی۔ نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ حکومت میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا، جبکہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ملکی ترقی کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے۔

آخر میں نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ دور میں چیف سیکریٹری اور آئی جی بار بار تبدیل ہوتے رہے، لیکن آج حکومت میں میرٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ہر محکمہ تندہی سے کام کر رہا ہے۔
 
 

ٹیگز: