ورلڈ کپ میں انڈین ٹیم کی شکست سے متعلق دھونی کی پیشگوئی سچ ثابت، پرانی ویڈیو وائرل

MS Dhoni, prediction, Indian team, World Cup, old video, viral, social media

نیو دہلی: انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 5 سال قبل ہی پاکستان کی جیت کی پیشگوئی کر دی تھی۔ ان کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ انڈیا کی شکست بارے بتا رہے ہیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں انڈین ٹیم ورلڈ کپ میں کبھی بھی پاکستان سے نہیں ہاری۔ 2016ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انڈیا نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرایا تھا۔

تفصیل کے مطابق ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء میں پاکستان کے خلاف شکست کے بعد انڈین فینز کافی مایوس ہیں۔ جس انداز میں پاکستانی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو جتوایا، اس سے انڈین عوام کی ناراضگی بڑھ گئی ہے۔ انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس موقع پر سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ 5 سال پرانی اس ویڈیو میں دھونی نے کہا تھا کہ آج نہ کل ٹیم انڈیا کا پاکستان کیخلاف ورلڈ کپ میں نہ ہارنے کا ریکارڈ ضرور ٹوٹے گا۔

سوشل میڈیا پر دھونی کی یہ ویڈیو دھڑا دھڑ شیئر کی جا رہی ہے۔ یہ ویڈیو دراصل مہندر سنگھ دھونی کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016ء کے دوران ایک پریس کانفرنس کی ہے جس میں انہوں نے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر آپ کو اس پر فخر ہے کہ ہم ورلڈ کپ میں پاکستان سے گیارہ صفر سے آگے ہیں تو یہ بھی ایک سچائی ہوگی کہ ہم آج یا کل ضرور ہاریں گے۔ خواہ آج ہاریں، دس سال بعد ہاریں، بیس سال بعد ہاریں یا پچاس سال بعد ہاریں لیکن ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ آپ ہمیشہ جیتتے رہیں گے۔ خیال رہے کہ اب بالاخر پاکستان نے 29 سال بعد ورلڈ کپ میں انڈیا سے شکست کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ویرات کوہلی نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ان کی ٹیم کو پاکستان نے میچ سے پوری طرح باہر کر دیا تھا۔ اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ اگر آپ مخالف ٹیم کو پوری طرح میچ سے باہر نہیں کرتے ہیں تو آپ 10 وکٹ سے نہیں جیت سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں کوئی موقع بھی نہیں ملا۔ وہ بہت پیشہ ور تھے اور آپ کو یقینی طورپر انہیں اس کا کریڈٹ دینا ہوگا۔ ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی۔ ان پر دباؤ تھا لیکن ان کے پاس جواب تھا۔ اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں مجھے بالکل بھی کوئی عار نہیں ہے کہ ایک ٹیم ہم سے بہتر کھیلی۔