Get Alerts

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ، ایک لاکھ 40 ہزار 125 امیدوار شریک

ملک بھر میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ، ایک لاکھ 40 ہزار 125 امیدوار شریک

لاہور : ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ آج شروع ہو گیا ہے، جس میں لاکھوں طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔ اس ٹیسٹ کے دوران امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، طبی حکام بھی امتحانی مراکز پر موجود ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

ملک بھر کے 188 سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے یہ امتحان منعقد ہو رہا ہے۔ پنجاب میں 46، سندھ میں 17، خیبر پختونخوا میں 11 اور آزاد کشمیر و بلوچستان میں ایک ایک نجی کالج ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں 6، پنجاب میں 25 اور سندھ میں 12 نجی ڈینٹل کالجز موجود ہیں۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پنجاب کے 12 شہروں میں ایم ڈی کیٹ امتحان شروع ہو گیا ہے، جس میں صوبے بھر سے 50,461 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں 36,702 لڑکیاں اور 13,759 لڑکے شامل ہیں۔ لاہور سمیت 12 شہروں میں 27 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

ٹیسٹ کے دوران سخت حفاظتی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ امتحانی پرچے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی نگرانی میں مراکز تک پہنچائے گئے۔ 3,263 سکول ٹیچرز نگران کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ 165 ٹیچرز سپرینٹنڈنٹ اور 347 ڈپٹی سپرینٹنڈنٹ کے طور پر تعینات کیے گئے ہیں۔ تمام عملے کی تعیناتی سپیشل برانچ کی کلیئرنس کے بعد کی گئی۔

لاہور میں چھ امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 11,906 امیدواروں میں سے 8,799 لڑکیاں اور 3,107 لڑکے شامل ہیں۔ دیگر اہم شہروں میں ملتان (8,313 امیدوار)، بہاولپور (3,014 امیدوار)، فیصل آباد (5,824 امیدوار)، گوجرانوالہ (2,665 امیدوار) اور سیالکوٹ (2,786 امیدوار) شامل ہیں۔

امتحان کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے امیدواروں کی جامہ تلاشی لی گئی اور انہیں واک تھرو گیٹ سے گزارا گیا۔ امتحانی مراکز پر میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگر حفاظتی آلات نصب کیے گئے ہیں۔

امتحانی مراکز کے باہر والدین کے لیے خصوصی بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے، اور امتحانی عمل کے دوران شہری دفاع، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، نادرا اور فائر بریگیڈ کے اہلکار بھی موجود ہیں۔

امیدوار ٹیسٹ کے بعد سوالیہ پرچہ اپنے ساتھ لے جا سکیں گے اور سیلف سکورنگ کے لیے جوابی کلید کا استعمال کر سکیں گے۔ اگر کسی امیدوار کو کسی سوال پر اعتراض ہو تو وہ شام 6 بجے تک آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنا اعتراض دائر کر سکتے ہیں۔ یو ایچ ایس اس کے بعد اعتراضات کا جائزہ لے کر رات 10 بجے جوابی کلید اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا۔

ایم ڈی کیٹ کا آفیشل رزلٹ ایک ہفتے میں جاری کیا جائے گا۔ 

ٹیگز: