انتھونی جوشوا کی بادشاہت ختم، الیگزینڈر یوزیک نے باکسنگ کے فاتح کا تاج پہن لیا  

Oleksandr Usyk defeats Anthony Joshua to claim world heavyweight title
کیپشن: فائل فوٹو

لندن: یوکرین کے الیگزینڈر یوزیک نے ایک زبردست مقابلے میں اپنے حریف کھلاڑی اور مایہ ناز باکسر انتھونی جوشوا کی کھیل میں بادشاہت ختم کرتے ہوئے ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن کا تاج اپنے سر پر سجا لیا ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا کو اس مقابلے میں فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا کسی کے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ بظاہر فربہ نظر آنے والے یوکرینین باکسر اتنی پھرتی دکھا کر جوشوا کو چاروں شانے چت کریں گے۔

یوکرین کے باکسر الیگزینڈر یوزیک نے دنیائے باکسنگ کے اس یادگار مقابلے میں انتھونی جوشوا کو بارہ راؤنڈز کے بعد شکست سے دوچار کیا۔

یہ عالمی مقابلہ ہارنے کے بعد برطانوی باکسر انتھونی جوشوا ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن، ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن کے ٹائٹل سے محروم ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین اور باکسنگ سے جڑے لوگ اس مقابلے میں انتھونی جوشوا کی شکست پر شکوک وشبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی عام فائٹ نہیں تھی، اس کی مالیت لگ بھگ 46 ارب روپے تھی، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اتنی بڑی رقم کا مقابلہ جوشوا کے ذہن میں نہ ہو اور انہوں نے اس کیلئے نامکمل تیاری کی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ اگر انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کا یہ مقابلہ جیت جاتے تو ان کا مقابلہ تاریخ کی مہنگی ترین فائٹ کیلئے ٹائسن فیوری کیساتھ ہوتا۔

انتھونی جوشوا ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کے محض تیسرے ہی راؤنڈ میں زخمی ہوکر اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکے۔ اس سے قبل جوشوا کو 2019ئء میں اینڈی روئز جونیئر سے شکست ہوئی تھی۔