کراچی: ایشیا کپ 2025 کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں روایتی حریف بھارت ایک بار پھر ان کے مدمقابل ہوگا۔ اس غیر متوقع مگر دلچسپ فائنل کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر میمز اور طنزیہ تبصروں کا طوفان امڈ آیا۔
دبئی میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور صرف 135 رنز پر 8 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ تاہم، بولرز کی شاندار کارکردگی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے، اور یہ رواں ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹاکرا ہوگا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر صارفین نے پاکستان کی ناقص بیٹنگ اور دباؤ کے باوجود جیت پر دلچسپ میمز شیئر کیے۔
ایک صارف نے پاکستان اور بھارت کے مسلسل مقابلوں پر طنز کرتے ہوئے لکھا"سوچو، ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں، لیکن پھر بھی مہینے میں تین بار مل رہے ہیں۔ بھارت اور پاکستان کو مبارک ہو، کرکٹ کا سب سے بڑا ناخوشگوار تعلق ہے۔"
ایک اور میم میں پاکستان کو یوٹیوب کا ایسا اشتہار قرار دیا گیا جسے "اسکِپ" نہیں کیا جا سکتا۔
ایک ویڈیو میم میں پاکستانی ٹیم کو ایک ایسے شخص سے تشبیہ دی گئی جو تیز رفتار گاڑیوں کے بیچ سے بمشکل سڑک پار کرتا ہے اور بالآخر کامیاب ہو جاتا ہے۔
شائقینِ کرکٹ نے اپنی ٹیم کی نازک صورتحال پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا"50 ہارٹ اٹیک، 20 اینگزائٹی اٹیک اور 10 بار ڈپریشن میں جانے کے بعد ہم فائنل تک پہنچے ہیں۔"
پاکستانی ٹیم کی ناقابلِ پیشگوئی کارکردگی، بھارت کے ساتھ تیسری بار ٹاکرا، اور ایشیا کپ کے فائنل کی گہما گہمی نے مداحوں کو ایک بار پھر جذباتی، مزاحیہ اور تجزیاتی تبصروں پر مجبور کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ خلیج ٹائمز کے مطابق ایشیا کپ فائنل کے لیے پلاٹینم لسٹ کی ویب سائٹ پر ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
ہائی اسٹینڈ کے ٹکٹ فی الحال 350 درہم میں دستیاب ہیں۔ہاسپیٹیلٹی پاسز کی قیمتیں 1500 درہم سے شروع ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منتظمین نے شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ایک پروموشن اسکیم کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت شائقین تین پریمیم ٹکٹ دو کی قیمت میں حاصل کر سکتے ہیں یعنی "دو ٹکٹ خریدیں، ایک مفت پائیں" کی آفر پیش کی گئی ہے، تاکہ آخری لمحات میں بھی زیادہ سے زیادہ افراد اس یادگار مقابلے کا حصہ بن سکیں۔