Get Alerts

مالدیپ کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کا سندھ اسمبلی کا دورہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور

مالدیپ کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کا سندھ اسمبلی کا دورہ، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور

کراچی: مالدیپ کے اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے اسپیکر پیپلز مجلس مالدیپ عبدالرّحیم عبداللہ کی قیادت میں سندھ اسمبلی کا دورہ کیا، جہاں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے وفد کا استقبال کیا۔

 سید اویس قادر شاہ سے مالدیپ کے اسپیکر عبدالرّحیم عبداللہ کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، جس میں سندھ اور مالدیپ کے درمیان پارلیمانی روابط مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر سپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت، سیاحت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

 سید اویس قادر شاہ نے فضائی اور بحری رابطوں کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا، جبکہ صوبائی سطح پر پاکستان-مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔

 مالدیپ کے اسپیکر عبدالرّحیم عبداللہ نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔ انہوں نے 1998 میں مالدیپ کی پارلیمنٹ ہاؤس کی تعمیر میں پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے پاک مالدیپ دوستی کی دیرپا علامت قرار دیا۔

 مالدیپ کے پارلیمانی وفد نے سندھ اسمبلی کے تاریخی اولڈ اسمبلی ہاؤس اور نیو اسمبلی ہاؤس کا بھی دورہ کیا۔

 بعد ازاں اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی جانب سے مالدیپ کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جس میں وفد کے ارکان کو سندھی ٹوپیاں، اجرکیں اور یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔

ٹیگز: