Get Alerts

لاہور تا راولپنڈی 'بلٹ ٹرین' چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل

لاہور تا راولپنڈی 'بلٹ ٹرین' چلانے کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت لاہور سے راولپنڈی تک پاکستان کی پہلی تیز ترین بلٹ ٹرین چلانے کے فیصلے پر عملی اقدامات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے باقاعدہ ورکنگ گروپ قائم کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ اور ٹائم لائن تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، مشیر وزیراعلیٰ شاہد تارڑ، چیئرمین ریلوے اور سی ای او ریلوے پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے، جو اپنی سفارشات آئندہ ہفتے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گا۔

اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ آصف طفیل اجلاس میں ذاتی طور پر شریک ہوئے۔

مریم اورنگزیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلٹ ٹرین کا آغاز شریف خاندان کا عوام سے ایک اور وعدہ پورا کرنے کی جانب قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز عوام کو محفوظ، تیز، سستی اور آرام دہ سفری سہولت دینا چاہتی ہیں۔ ان کا وژن ہے کہ ٹرین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عوامی سواری بنایا جائے۔

منصوبے کے تحت لاہور اور راولپنڈی کے ریلوے اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن بھی شامل ہے، جبکہ محکمہ سیاحت پنجاب کے تعاون سے دونوں شہروں کے درمیان ریلوے ٹریک کو خوبصورت بنانے کا بھی منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے، مجوزہ بلٹ ٹرین صرف 2 گھنٹے 15 منٹ سے 2 گھنٹے 30 منٹ میں لاہور سے راولپنڈی کا فاصلہ طے کرے گی، جو پاکستان کی سفری تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہوگا۔

ٹیگز: