بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں، وزیر اعظم عمران خان

 بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں، وزیر اعظم عمران خان
کیپشن: Image Source : PTI Twitter Account

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات خطے کے امن کے لئے خطرہ ہیں،بھارت اپنے غاصبانہ اقدامات  سے نظر ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر سکتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان  نے چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کیانگ سے ملاقات میں کہا ہے کہ کہ پاک چین سدا بہار دوستی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ خطے میں امن کی ضامن ہے،3 ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنرل ژو کیانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ چینی وفد کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان  نے جنرل ژو کیانگ کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصابنہ قبضے اور غیرقانونی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا اور اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی حمایت پر چین کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فی الفور اٹھانا چاہیئے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو صورت حال کے جائزے کے لئے مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔

 

عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی سے انتہاپسندی بڑھنے کا خدشہ ہے ،بھارت لاکھوں کشمیریوں کے انسانی حقق کے خلاف ورزی کررہاہے۔

اس موقع پر جنرل ژو کیانگ نے کہا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، جنوبی ایشیاء میں امن اور معاشی استحکام کے لئے متنازعہ امور کا حل ضروری ہے۔

سرکاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پاکستان اور چین خطے میں امن و استحکام کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ چلتے رہیں گے۔