عمران خان اگر کھمبے کو بھی ٹکٹ دیں گے تو وہ منتخب ہو گا: فواد چوہدری

عمران خان اگر کھمبے کو بھی ٹکٹ دیں گے تو وہ منتخب ہو گا: فواد چوہدری

سوہاوہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان آج اس مقام پر ہیں کہ اگر وہ کھمبے کو بھی ٹکٹ دیں تو وہ بھی جیت جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سوہاوہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 2018ءکی طرح آنے والے عام انتخابات میں بھی کلین سویپ کرے گی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ جن کے اثاثے لندن میں ہوں وہ پاکستان کی آزادی کیلئے کبھی کھڑے نہیں ہوں گے، پاکستان کا وزیراعظم لندن والوں سے پوچھ کر کسی ملک کا دورہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان آج اس مقام پر ہیں کہ اگر وہ کھمبے کو بھی ٹکٹ دیں گے تو وہ منتخب ہو گا۔ 
قبل ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’کل سے بہت سے برساتی تجزیہ نگار سیلاب کے موقع پر سیاست نہ کرنے کے بھاشن دے رہے تھے۔ ادھر اسلام آباد پولیس نے اعلیٰ حکام کو خط لکھا ہے کہ شہباز گل کے خلاف مقدمہ میں اسے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بنی گالہ میں رہائش گاہ کی تلاشی لینے کیلئے سرچ وارنٹ جاری کرنے کی اجازت دی جائے۔‘ 


ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا ’ جو وقت سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات میں خرچ کرنا تھا، وہ سیاسی انتقام، عمران خان اور شہباز گل کو فکس کرنے کی کوششوں میں ضائع کر دیا گیا، صحافیوں اور سیاسی کارکنان کو تشدد سے منہ بند کرنے پر لگے رہے، اب سب برباد کرنے کے بعد میسنی شکلیں بنا کر ٹی وی پر پریس کانفرنسیں کی جا رہی ہیں۔‘ 

مصنف کے بارے میں