Get Alerts

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، تعمیراتی کام اور تربیتی نظام کا جائزہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، تعمیراتی کام اور تربیتی نظام کا جائزہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر تعمیر 11 منزلہ ہاسٹل کے کام کا معائنہ کیا۔ اس ہاسٹل میں 126 کمرے تعمیر کیے جا رہے ہیں جنہیں پانچ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کام کی رفتار کے ساتھ تعمیراتی معیار پر بھی کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

دورے کے دوران محسن نقوی نے اکیڈمی کے سوئمنگ پول کا جائزہ لیا اور زیر تربیت افسران کے مابین ہونے والے سوئمنگ مقابلے کو بھی دیکھا۔ انہوں نے پروبیشنرز اور انسٹرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی، جبکہ کلاس رومز، افسران کے میس اور کھانے کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے تربیت حاصل کرنے والے افسران سے ملاقات کر کے ان کی رائے اور تجاویز بھی سنیں۔ اس موقع پر انہوں نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی، جس میں اکیڈمی کی تنظیمِ نو اور پچھلے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں زیر تربیت افسران کی ایف آئی اے، فرانزک ایجنسی اور دیگر متعلقہ اداروں سے اٹیچمنٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نیشنل کمانڈ کورس مکمل کرنے والے اے ایس پیز کو کریمنالوجی اور پولیس اسٹڈیز میں ماسٹرز ڈگری دی جائے گی، جبکہ تربیتی پروگرام میں تھانوں کے دورے، سیف سٹی، ایف آئی اے، سائبر کرائم اور فرانزک کے شعبوں میں عملی تربیت بھی شامل ہے۔

زیر تربیت افسران نے نیشنل پولیس اکیڈمی میں سہولیات کی بہتری پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے کے ممبر انجنیئرنگ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

ٹیگز: