Get Alerts

38 سال بعد پاکستانی دریاؤں میں شدید سیلاب، دریائے راوی اور چناب میں پانی کی سطح بلند

38 سال بعد پاکستانی دریاؤں میں شدید سیلاب، دریائے راوی اور چناب میں پانی کی سطح بلند

لاہور:پاکستانی دریاؤں میں 38 سال بعد اتنا پانی آیا ہے کہ پنجاب میں سیلاب کی صورت حال سنگین ہو گئی ہے۔ دریائے راوی کے جسٹر مقام پر پانی کی سطح انتہائی بلند ہو چکی ہے، جہاں پانی کا بہاو 2 لاکھ 40 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کے مطابق یہ صورتحال 1988 کے بعد پہلی مرتبہ دیکھی جا رہی ہے۔

آج رات شاہدرہ کے مقام سے ایک بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے، جس سے علاقے میں شدید خطرات لاحق ہیں۔ دریائے چناب میں بھی گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ پانی آیا ہے، جس کے باعث دریائے چناب کے اطراف میں 128 دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔

خانکی ہیڈ ورکس سے پانی چند گھنٹوں میں گزر جائے گا، تاہم پانی کی بلند سطح کے باعث حالات کنٹرول کرنے کے لیے متعلقہ حکام چوکس ہیں۔ دریائے ستلج میں بھی گزشتہ 8 سے 10 روز سے اونچے درجے کا سیلاب جاری ہے، جہاں گنڈا سنگھ میں پانی کا بہاو دو لاکھ کیوسک سے زائد ہے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل پیرا رہیں کیونکہ جب تک سیلاب رحیم یار خان سے نہیں گزرتا، پنجاب کے لیے صورتحال چیلنج بنی رہے گی۔