جوبائیڈن کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وبائی ریلیف بل پر دستخط کرنے کا مطالبہ

Biden calls on President Donald Trump to sign epidemic relief bill
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر جوزف بائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وبائی ریلیف بل پر دستخط کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بل پر دستخط نہ ہونے سے بے روزگاروں کی مالی معاونت متاثر ہو سکتی ہے۔

جوزف بائیڈن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وبائی ریلیف بل میں تاخیر سے تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں 900 ارب ڈالر کا ریلیف پیکیج مسترد کر دیا تھا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ کانگریس ریلیف پیکیج 3 گنا بڑھانے کے لیے بل ترمیم سامنے لائے۔

خیال رہے کہ امریکا میں عالمی وبا سے مزید ایک ہزار 248 اموات ان کی تعداد 3 لاکھ 39 ہزار 919 ہو گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانو نے دنیا پر زور دیا ہے کہ مستقبل میں آنے والی وباؤں سے بچنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا ہوگا۔ محفوظ مستقبل کے لیے دنیا کو صحت سے متعلق سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ عالمی وبا کے سدباب کیلئے ریلیف بل پر کسی صورت دستخط نہیں کرینگے کیونکہ اس میں جو رقم طے کی گئی ہے وہ کم ہے۔ ہر امریکی شہری کو وبائی مرض کیخلاف مناسب رقم مختص کرنے کیلئے ضروری ہے کہ اس کو بڑھایا جائے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وبائی ریلیف بل میں تاخیر کے باعث ایسے شہری جو وبائی مرض سے بری طرح متاثر ہو سکے ہیں، ان کیلئے کی جانے والی مالی امداد کی کوششوں کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے نقصان ہو سکتا ہے اور ایہ اقدام انھیں مزید مشکل میں ڈال سکتا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ دنوں جاری کئے گئے ٹویٹر بیان میں کہا تھا کہ یہ بات بہت شرمناک ہے کہ امریکی عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جس بل کی امید کی جا رہی تھی اس سے مختلف مختلف بل کو میرے پاس بھیجا گیا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ہر امریکی جوڑے کیلئے اس بل میں موجود رقم کو 4 ہزار ڈالر جبکہ اکیلے شہری کیلئے اسے 2 ہزار ڈالر کیا جائے۔