امریکہ اور مغربی ممالک کا روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

 امریکہ اور مغربی ممالک کا روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ
سورس: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکہ اور مغربی ممالک نے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روس کو سوئفٹ پیمنٹ سسٹم سے علیحدہ کرنے پر اتفاق کر لیا اور اب روس کے سینٹرل بینک پر بھی پابندیاں عائد ہوں گی۔امریکی میڈیا کے مطابق روس پر مزید پابندیوں کا اطلاق آئندہ دنوں میں ہو گا۔

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرین کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی فوری عسکری امداد کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

صدر جوبائیڈن کی جانب سے وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کو تحریر کردہ ایک مراسلے میں ساڑھے 30 کروڑ ڈالر غیرملکی معاونتی قانون کے تحت یوکرینی دفاع کے لیے جاری کرنے کا کہا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مزید ڈھائی سو ملین ڈالر یوکرائنی فوج کے لیے کسی قانونی نکتے سے ماورا فوری دفاعی امداد کی مد میں صرف کیے جائیں گے۔

ادھر روسی فوج یوکرین کے شہر خار کیف پر قبضہ کرنے میں تاحال ناکام رہی ہے، دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں۔ 15 لاکھ کی آبادی والا شہر خار کیف دارالحکومت کیف کے بعد یوکرین کا دوسرا بڑا شہر ہے۔

یوکرین کے صدارتی آفس کے مطابق روس کی فوج نے خار کیف شہر میں گیس پائپ لائن اڑا دی۔ یوکرینی حکام کے مطابق گیس پائپ لائن کی تباہی ماحولیات کے لیے تباہ کن ہو سکتی ہے۔

مصنف کے بارے میں