وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ائیر ہیڈکوارٹرز کا دورہ

Shah Mahmood Qureshi, SMQ, PTI, Punjab, Pakistan Force

اسلام آباد:پاکستان کے وزیرِ خارجہ جناب شاہ محمود قریشی نے ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران عصرِ حاضر کے تغیراتی جیوسٹریٹیجک و جیو پولیٹیکل ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ کے چین کے آئندہ دورے کی مناسبت سے سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان کے دوست ملک چین کے ساتھ تعاون اور جدید ترین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں سمارٹ انڈکشنز کے ذریعے پی اے ایف ماڈرنائزیشن پروگرام سے متعلق امور پر معلومات فراہم کیں۔ ملاقات میں دونوں پڑوسی ممالک کے مابین دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیر خارجہ نے پی اے ایف کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے پاک فضائیہ کو نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کے طور پر جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دھانی کرائی۔ انہوں نے قائد اعظم کے وژن "سیکنڈ ٹو نن" پر عمل پیرا پاک فضائیہ کو ملک کا ناقابل تسخیر دفاع فراہم کرنے پر سراہا۔ اس موقع پر ائیر چیف نے دنیا میں پاکستان کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے میں وزارت خارجہ کے کردار کی تعریف کی۔